رونالڈو نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ بہت جلد فٹبال سے کنارہ کشی اختیار کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 40 سال کی عمر میں اس چمک دمک اور جسمانی صلاحیت کے ساتھ کھیل جاری رکھنا ممکن نہیں، اس لیے میں سنجیدگی سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہا ہوں۔
رونالڈو نے اعتراف کیا کہ اپنے شاندار کیریئر کو ختم کرنا میرے لیے ایک مشکل فیصلہ ہوگا، لیکن اس لمحے کیلئے ذہنی طور پر کافی عرصے سے تیار ہوں، میں نے 25 یا 26 سال کی عمر میں ہی اپنے مستقبل کی تیاری شروع کر دی تھی، اس لیے مجھے یقین ہے کہ میں ریٹائرمنٹ کے دباؤ کو برداشت کر لوں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زندگی میں ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے، اب میں اپنے فٹبال کیریئر کا اختتام کر کے اپنے اہل خانہ اور بچوں کو زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری، بابراعظم کی پوزیشن میں بہتری
یاد رہے کہ النصر کلب کے اسٹرائیکر رونالڈو کے پاس اس وقت 952 گولز کا ناقابلِ یقین ریکارڈ موجود ہے، گزشتہ ماہ انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ 1000 گولز مکمل کرنے کے بعد کھیل کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔
رونالڈو کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، ہزاروں صارفین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ فٹبال رونالڈو کے بغیر ادھورا لگے گا۔