ایشیا کپ: متنازع میچ ریفری پائی کرافٹ نے پاکستان سے معافی مانگ لی
 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر اور ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سے معذرت معافی مانگ لی۔
فائل فوٹو
دبئی: (سنو نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر اور ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سے معذرت معافی مانگ لی۔

ذرائع کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعہ کو مس کمیونی کیشن کا نتیجہ قرار دے کر معذرت کی، آئی سی سی نے 14 ستمبر کو میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری پر آمادگی کا بھی اظہار کر دیا۔

خیال رہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے انڈیا پاکستان میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کے اس عمل پر سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آئی سی سی پر واضح کیا گیا تھا کہ اگر اینڈی پائیکرافٹ کو آج کے میچ سے قبل ہٹایا نہ گیا تو پاکستان میچ نہیں کھیلے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ تنازع، پاکستان ٹیم یو اے ای کیخلاف میچ کیلئے سٹیڈیم پہنچ گئی

پاکستان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہٹانے کے مؤقف پر قائم ہے، اس سلسلے میں پاکستان ٹیم کو بھی پہلے سٹیڈیم جانے سے روکا گیا تھا تاہم بعدازاں پاکستانی ٹیم کو ہوٹل سے سٹیڈیم جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

قبل ازیں اینڈی پائی کرافٹ کو آئی سی سی آفس میں طلب کیا گیا تھا جہاں ان سے معافی نامہ لکھوایا گیا، پاکستان اور آئی سی سی کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد پاکستان ٹیم کو میچ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی۔