ایشیا کپ تنازع، پاکستان ٹیم یو اے ای کیخلاف میچ کیلئے سٹیڈیم پہنچ گئی
ایشیا کپ میں میچ ریفری کے تنازع پر چیئرمین پی سی بی کی سابق بورڈ سربراہان رمیز راجہ اور نجم سیٹھی سے مشاورت جاری ہے تاہم پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ہونے والے میچ کا وقت تبدیل کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
دبئی: (سنونیوز) ایشیا کپ میں میچ ریفری کے تنازع پر چیئرمین پی سی بی کی سابق بورڈ سربراہان رمیز راجہ اور نجم سیٹھی سے مشاورت جاری ہے تاہم پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ہونے والے میچ کا وقت تبدیل کر دیا گیا۔

ترجمان پی سی بی عامر میر نے بتایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ہونے والے میچ کے وقت میں ایک گھنٹے کی تاخیر کردی گئی ہے، چیئرمین پی سی بی کی نجم سیٹھی اور رمیز راجہ سے مشاورت جاری ہے، حتمی اعلان چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے کھیلا جانا تھا تاہم اب میچ ریفری تنازع کے باعث پاکستان اور آئی سی سی کے درمیان ڈیڈ لاک کے سبب میچ میں ایک گھنٹے کی تاخیر کی گئی ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ٹاس 8 بجے ہو گا جبکہ میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 8 بجے ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا ایشیا کپ میں سفر آج ختم ہونے کا امکان

پاکستان کرکٹ ٹیم بھی ہوٹل سے دبئی سٹیڈیم کے لیے پہنچ چکی ہے، قبل ازیں بورڈ حکام کی جانب سے ٹیم کو سٹیڈیم جانے سے روک دیا گیا تھا اور کھلاڑیوں کو اپنے اپنے کمروں میں جانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے سامنے دو مطالبات رکھے ہیں، پاکستان کی جانب سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو پر سیاسی گفتگو کرنے پر جرمانہ عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ دوسرا مطالبہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہو ہٹانے کا ہے۔ 

بورڈ ذرائع کا بتانا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو آئی سی سی آفس طلب کیا گیا ہے جہاں ان سے معافی نامہ لکھوایا جائے گا، اینڈی پائی کرافٹ آن لائن اجلاس کے دوران اپنی غلطی تسلیم کریں گے، پاکستانی ٹیم کو اینڈی پائی کرافٹ کے معافی نامے تک انتظار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔