پاکستان کا ایشیا کپ میں سفر آج ختم ہونے کا امکان
 پاکستان کا ایشیا کپ میں سفر آج ختم ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے۔
فائل فوٹو
دبئی: (سنو نیوز) پاکستان کا ایشیا کپ میں سفر آج ختم ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ہونے والے میچ کے امکانات معدوم ہو گئے، پاکستانی ٹیم کو ہوٹل کی لابی سے واپس کمروں میں جانے کی ہدایات کردی گئیں جس کے بعد قومی ٹیم واپس کمروں میں چلی گئی۔

چیئرمین پی سی بی کچھ دیر میں پریس کانفرنس کر کے پاکستان کے ایشیا کپ میں کھیلنے یا نہ کھیلنے سے متعلق فیصلہ سنائیں گے۔

علاوہ ازیں میچ ریفری تنازع پر پی سی بی اور آئی سی سی کا اجلاس ختم ہو گیا، پاکستان نے آئی سی سی کے سامنے دو مطالبات رکھے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہٹانے کے مؤقف پر قائم ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوسرا مطالبہ کیا ہے کہ سوریا کمار یادو کو سیاسی گفتگو کرنے پر جرمانہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: متنازع ریفری نہ ہٹایا گیا تو پاکستان آج کا میچ نہیں کھیلے گا،پی سی بی

آئی سی سی اور پی سی بی کے اجلاس کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےبورڈ کے 2 سابق چیئرمینوں کو مدعوکر لیا، نجم سیٹھی اور رمیز راجہ کو مشاورت کیلئے بلایا گیا ہے۔

ترجمان پی سی بی عامر میر نے بتایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ہونے والے میچ کے وقت میں ایک گھنٹے کی تاخیر کردی گئی ہے، چیئرمین پی سی بی کی نجم سیٹھی اور رمیز راجہ سے مشاورت جاری ہے، حتمی اعلان چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کے معاملے پر تاحال آئی سی سی کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا، ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریفری تبدیلی کی تصدیق نہ ہوئی توپاکستان ٹیم اسٹیڈیم روانہ نہیں ہوگی۔