متنازع ریفری نہ ہٹایا گیا تو پاکستان آج کا میچ نہیں کھیلے گا،پی سی بی
Pakistan match boycott
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان متنازع میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کے معاملے پر تنازع شدت اختیار کر گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر اینڈی پائیکرافٹ کو آج کے میچ سے قبل ہٹایا نہ گیا تو پاکستان میچ نہیں کھیلے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو خط کے ذریعے اپنا سخت مؤقف پیش کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ متنازع ریفری کیخلاف انکوائری محض ڈرامہ ہے جس میں کسی گواہ سے رابطہ تک نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا مؤقف ہے کہ اینڈی پائیکرافٹ نے کپتانوں کو ہاتھ نہ ملانے کا پیغام دے کر کھیل میں سیاست کو شامل کیا، جو اسپورٹس مین اسپرٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران یہ تنازع سامنے آیا تھا۔ ٹاس کے وقت میچ ریفری نے دونوں کپتانوں کو ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد میچ کے اختتام پر بھارتی کھلاڑی پاکستانی ٹیم سے مصافحہ کیے بغیر ڈریسنگ روم واپس چلے گئے۔ اس رویے پر قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی احتجاجاً اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:اینڈی پائی کرافٹ میچ ریفری برقرار، پاکستان کا مطالبہ مسترد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے پاس چند گھنٹے باقی ہیں، اگر متنازع ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو پاکستان میچ میں شرکت سے انکار کر دے گا۔

اس وقت صورتحال نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ شائقین کیلئے بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے، سب کی نظریں آئی سی سی کے فیصلے پر لگی ہیں کہ آیا وہ پی سی بی کا مطالبہ مانتا ہے یا نہیں۔