چینی کی قیمت میں زبردست کمی
گنے کی کرشنگ مکمل ہوتے ہوئے ہی چینی کی قیمتوں میں زبردست کمی آگئی۔
فائل فوٹو
لاہور، کراچی: (سنو نیوز) گنے کی کرشنگ مکمل ہوتے ہوئے ہی چینی کی قیمتوں میں زبردست کمی آگئی۔

کراچی کی ہول سیل مارکیٹوں میں چینی کی قیمت 190 روپے سے کم ہو کر 160 روپے فی کلو ہو گئی۔

ہول سیلرز کا کہنا ہے کہ گنے کی کرشنگ شروع ہونے کے باعث چینی کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی ہے، آئندہ آنے والوں دنوں میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں مزید کمی ہو گی۔

دوسری جانب پنجاب میں 54 لاکھ 9 ہزار 889ٹن گنے کی کرشنگ کا عمل مکمل ہو گیا جس کے باعث پنجاب میں چینی کی فی کلو ایکس مل قیمت 15 سے 17 روپے کم ہو گئی، حالیہ کرشنگ سے 4 لاکھ 30 ہزار 778 میٹرک ٹن چینی کی پیداوار حاصل ہوئی جس سے چینی کی ایکس مل قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں چینی کی قیمت میں کمی ریکارڈ

کین کمشنر پنجاب امجد حفیظ کہنا ہے کہ پنجاب میں اس وقت مجموعی طور پر 5 لاکھ 42 ہزار 900 میٹرک ٹن چینی کے ذخائر موجود ہیں،مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں 10 سے 15 روپے فی کلو کم ہوئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں چینی کے نرخوں میں مزید مزید کمی ہونے کا امکان ہے ، پنجاب میں شوگر ملیں کسانوں کو 375 سے 480 روپے فی من گنے کی قیمت ادا کررہی ہیں۔