ملک بھر میں چینی کی قیمت میں کمی ریکارڈ
ملک بھر میں فی کلو چینی کی قیمت میں کمی آگئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں فی کلو چینی کی قیمت میں کمی آگئی۔

ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 28 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہفتہ رفتہ کے دوران مختلف شہروں میں فی کلو چینی کی قیمت 170 روپے سے 212 روپے فی کلو کے درمیان رہی جبکہ چینی کی اوسط قیمت 183 روپے 70 پیسے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ ہفتے کے دوران 190 روپے فی کلو تھی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کوئٹہ کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں، کوئٹہ میں فی کلو چینی کی قیمت 212 روپے ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح کراچی اور خضدار میں فی کلو چینی 210 روپے، لاڑکانہ میں 200 روپے جبکہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں چینی 180 سے 185 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق پشاور میں چینی 190 روپے، لاہور میں 179 روپے فی کلو میں بیچی جارہی ہے جبکہ حیدرآباد میں 195 روپے ، سکھر میں 176 روپے، بنوں میں 175 روپے اور فیصل آباد میں 180 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مرغی سستی، مٹن اور بیف مہنگے، قیمتیں سامنے آگئیں

سرگودھا میں چینی کی ملک بھر میں سب سے کم ری ٹیل قیمت 170 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی، جبکہ گوجرانوالہ میں 175 اور سیالکوٹ میں 172 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر ملک میں چینی کے نرخوں میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔

دوسری جانب ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.64 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے، ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 4 فیصد ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی کی قیمت میں 3.5 کا اضافہ ہو گیا جبکہ لہسن 1.8 فیصد اور کوکنگ آئل 1.5 فیصد مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں انڈے، ڈبل روٹی، گھی اور پھل بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 30 فیصد، پیاز 12.4 فیصد اور آلو 6.9 فیصد سستے ہو گئے ، جبکہ مرغی کی قیمت میں 4.5 فیصد، چینی 3.3 فیصد، دال چنا 1.5 فیصد اور دال مسور 1.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔