قوال شیر میاں داد خاں کے گھر چوری، گھریلو ملازمہ گرفتار
معروف قوال شیر میاں داد خاں
پولیس نے معروف قوال شیر میاں داد خاں کے گھر ہونے والی چوری کے ملزمہ زرینہ بی بی کو گرفتار کیا/فائل فوٹو
(سنو نیوز) لاہور کے علاقے چوہنگ میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے معروف قوال شیر میاں داد خاں کے گھر ہونے والی چوری کے ملزمہ گھریلو ملازمہ زرینہ بی بی کو گرفتار کر لیا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب شیر میاں داد کی فیملی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گھر سے باہر گئی ہوئی تھی۔ اسی دوران گھر میں کام کرنے والی ملازمہ زرینہ بی بی نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زیورات قبضے میں لے لیے اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ گھر واپس آنے پر اہلِ خانہ کو زیورات غائب ملے جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ چوہنگ پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور تمام شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ملازمہ کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجیکل ٹریسنگ کا استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: معروف یوٹیوبر رجب بٹ برطانیہ سے ملک بدر

پولیس نے زرینہ بی بی کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے اعتراف کیا کہ اس نے چوری کیے گئے قیمتی زیورات اپنے گھر کے صحن میں زمین میں دبا دیے تھے۔ پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زمین کھود کر تقریباً 6 تولہ سونے کے زیورات برآمد کر لیے۔ برآمد کیے گئے زیورات میں مختلف قسم کے زیور شامل تھے جن کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے۔

ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے نہ صرف تیز رفتار کارروائی کی بلکہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزمہ تک پہنچنے میں کم سے کم وقت لگایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوری شدہ زیورات کی برآمدگی پولیس کی کامیاب حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے جبکہ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایس پی رانا حسین طاہر نے ایس ایچ او اور پوری تفتیشی ٹیم کو شاباش دی اور کارکردگی کے اعتراف میں تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔