معروف یوٹیوبر رجب بٹ برطانیہ سے ملک بدر
برطانیہ نے معروف پاکستانی یو ٹیوبر رجب بٹ کو ملک بدر کر دیا۔
فائل فوٹو
لندن: (سنو نیوز) برطانیہ نے معروف پاکستانی یو ٹیوبر رجب بٹ کو ملک بدر کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق رجب بٹ آج صبح پاکستان جانے والی پرواز سے وطن واپس روانہ ہو گئے، رجب بٹ کو ان کا برطانوی ویزا منسوخ ہونے پر برطانیہ نے ملک بدر کیا۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ رجب بٹ کا ویزا 2027 تک تھا لیکن ویزا فارم میں حال ہی میں درج مقدمات کا ذکر نہ کرنے پر ملک بدری عمل میں آئی۔

رجب بٹ کے قریبی دوست ندیم نانیوالا نے سنو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور رجب بٹ کو برطانیہ کی انٹیلی جنس ایجنسی نے چند ہفتے قبل گرفتار کیا تھا، گرفتاری دہشتگری قوانین کے تحت کی گئی جو غلط معلومات پر کی فراہمی پر کی گئی لیکن بعد میں ہمیں کلیئر کر دیا گیا۔

ندیم نانیوالا کا مزید کہنا تھا کہ کاؤنٹر ٹیرر ازم پولیس نے ہمیں ہوم آفس سے رجوع کرنے کا کہا تھا، میرے پاس تو برطانوی پاسپورٹ ہے، مجھے تو کچھ نہیں ہوا لیکن رجب بٹ کا ویزا منسوخ کر دیا گیا، آج رجب بٹ کو لے کر پاکستان واپس جا رہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: رجب بٹ کا وی لاگنگ سے کنارہ کشی کا اعلان

واضح رہے کہ رجب بٹ اپنی فیملی ولاگنگ کی بدولت مقبولیت حاصل کر چکے ہیں، جن میں اکثر ان کے والدین، بہن بھائی اور قریبی دوست شامل ہوتے ہیں، ان کی اہلیہ ایمان رجب بھی ویڈیوز میں نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہیں، جس نے مداحوں کو ان کے سفر سے مزید قریب کیا۔

یاد رہے کہ کچھ عرصے سے رجب بٹ کو مختلف تنازعات کا سامنا رہا ہے، چند ماہ قبل ان پر توہینِ مذہب کے الزامات لگائے گئے جس کے بعد انہیں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا اور ملک چھوڑنا پڑا۔

ابتدائی طور پر وہ متحدہ عرب امارات منتقل ہوئے لیکن بعد میں برطانیہ میں سکونت اختیار کر لی۔ اس دوران انہوں نے عوام سے معافی تو مانگی مگر اس معاملے پر تفصیل سے بات نہیں کی۔