
رجب بٹ کو مذہبی حوالے سے حساس مواد پوسٹ کرنے کے الزامات کا سامنا ہے، جن پر لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی جا چکی ہے۔ اسی قانونی دباؤ اور اہلِ خانہ کی تشویش کے پیش نظر انہوں نے ملک سے روانگی کا فیصلہ کیا۔
حال ہی میں ایک ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران انہوں نے اپنی موجودہ رہائش گاہ کا براہِ راست ذکر تو نہیں کیا، تاہم دبئی اور پاکستان کے وقت کا تقابلی ذکر کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ وہ بیرونِ ملک مقیم ہیں۔
رجب بٹ نے لائیو سیشن میں جذباتی انداز میں بتایا کہ ان کی والدہ ان کی سلامتی سے متعلق شدید پریشان تھیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بیٹے کو ایئرپورٹ پر خود الوداع کہا۔
یہ بھی پڑھیں:یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ، ملزمان فرار
انہوں نے کہا کہ جب تک ان کی والدہ کی مکمل رضا شامل نہیں ہوگی، وہ کوئی نیا وی لاگ اپلوڈ نہیں کریں گے۔
رجب بٹ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ وی لاگنگ کو مکمل طور پر خیرباد نہیں کہہ رہے بلکہ صورتحال بہتر ہونے تک وقتی وقفہ لے رہے ہیں۔
یوٹیوبر نے ٹک ٹاک پر مداحوں سے رابطے کا سلسلہ جاری رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے اپنے فالوورز سے صبر، تعاون اور دعا کی اپیل کی ہے۔