
بھارتی ویب سائٹ کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو نہیں ہٹایا جائے گا، آئی سی سی نے گزشتہ رات پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس سےمتعلق آگاہ کردیاتھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کایہ مؤقف مسترد کیا کہ میچ ریفری نےبھارتی ٹیم کے کہنے پر دونوں کپتانوں ہینڈ شیک کرنے سے منع کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ کو پورے ایشیا کپ سے ہٹانے کے بجائے صرف پاکستان کے میچز سے الگ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے اور ان میچز میں سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی سی بی پہلے ہی واضح بتاچکا ہے کہ پاکستان ریفری کے ہٹانے تک ایشیاکپ کے مزید میچز نہیں کھیلے گا، پاک بھارت میچ کے دوران ہینڈ شیک تنازع کے بعد ایشیا کپ میں سنگین صورتحال جاری ہے۔
ادھر ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے ایشیا کپ کے مستقبل کے حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی، پی سی بی حکام نے ایشیا کپ کے بقیہ میچز میں بائیکاٹ اور میچ ریفری کی تبدیلی سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا۔
یہ بھی پڑھیں: میچ ریفری تبدیلی کا معاملہ، پاکستان ڈٹ گیا
بورڈ ذرائع کا بتانا ہے کہ اسلام آباد میں ہونیوالے اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سی او او سمیر احمد اور سلمان نصیر نے شرکت کی، پی سی بی کے اعلیٰ حکام کی آج شام ایک اور بیٹھک کا امکان ہے، پی سی بی آئی سی سی کے فیصلے پر سخت مؤقف رکھنا چاہتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات متوقع ہے جس میں تمام معاملے کو وزیراعظم کے سامنے رکھا جائے گا ، حکومت سے مشاورت کے بعد بورڈ کی جانب سے اہم اعلان کیا جائے گا، ایشیا کپ کے لیے آئندہ چند گھنٹوں کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔
ادھر دبئی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی آج ہونے والی پریس کانفرنس بھی منسوخ کر دی گئی، پاکستانی کھلاڑی نے آج شام ساڑھے 7 بجے پریس کانفرنس کرنا تھی تاہم اب اسے منسوخ کر دیا گیا ہے ۔
ٹیم ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کی پریکٹس رات نو بجےپروگرام کے مطابق ہوگی،صورتحال تبدیل ہوئی تو پریکٹس بھی منسوخ ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ایشیاکپ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ کل شیڈول ہے۔