میچ ریفری تبدیل نہ ہوا تو پاکستان ایشیاء کپ میں کوئی میچ نہیں کھیلے گا
Asia Cup controversy
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع نے ٹورنامنٹ کو نئی کشیدگی کی جانب دھکیل دیا۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان بورڈ کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اگر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کیا گیا، تو قومی ٹیم ایشیا کپ کے باقی میچز نہیں کھیلے گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو باضابطہ شکایت درج کرائی ہے کیونکہ میچ ریفری نے کرکٹ کی اسپرٹ کے منافی اقدامات کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اینڈی پائی کرافٹ کے رویے نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے، اسی بنیاد پر ان کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی اور ایم سی سی کو ایک تفصیلی خط بھی لکھا ہے۔

اس خط میں بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے اور قوانین کی خلاف ورزی پر احتجاج درج کرایا گیا ہے، کہا گیا کہ ٹاس کے موقع پر میچ ریفری نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے کہا کہ شیک ہینڈ نہیں ہوگا۔

خط میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ میچ ریفری نے پاکستان میڈیا منیجر کو ہدایت کی کہ اس واقعے کو ریکارڈ نہ کیا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسے کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والا اقدام قرار دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان کی جانب سے بائیکاٹ کا فیصلہ ایشیا کپ کے مستقبل پر سنگین سوالات کھڑے کر سکتا ہے۔

شائقین کرکٹ اس صورتحال پر سخت تشویش کا شکار ہیں اور امید ظاہر کر رہے ہیں کہ معاملہ جلد حل ہو تاکہ ٹورنامنٹ کھیل کے میدان تک محدود رہے۔