ایچ ای سی کا طلبہ کیلئے اسکالرشپس کا اعلان
HEC scholarships
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے طلبہ کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ایل ایل ایم اور پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طلبہ کے لیے ایل ایل ایم اور پی ایچ ڈی اسکالرشپس متعارف کرا دی ہیں جن کے تحت طلبہ کو پاکستان کی ممتاز یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

 ایچ ای سی کے مطابق بلوچستان ڈومیسائل رکھنے والے وہ امیدوار جو قانونی تعلیم کے میدان میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند ہیں، مقامی سطح پر ایل ایل ایم جبکہ بین الاقوامی سطح پر دونوں پروگرامز کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق امیدوار کے لیے ایل ایل بی اور ایل ایل ایم میں کم از کم 50 فیصد نمبرز کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے، ایل ایل ایم کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 30 سال مقرر کی گئی ہے، اس کے علاؤہ اہلیت جانچنے کے لیے اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سڈنی حملے سے منسوب بے گناہ پاکستانی کا ویڈیو پیغام آگیا

 ایچ ای سی نے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ 13 جنوری 2026 مقرر کی ہے اور امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت درخواستیں جمع کروائیں۔

ایچ ای سی نے ملک بھر کی جامعات میں ایل ایل بی پروگرامز میں داخلے کے لئے لاء ایڈمیشن ٹیسٹ (LAT) کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق درخواستیں 29 دسمبر 2025 تک جمع کروائی جا سکیں گی جبکہ ٹیسٹ 25 جنوری 2026 کو منعقد ہوگا۔