سڈنی حملے سے منسوب بے گناہ پاکستانی کا ویڈیو پیغام آگیا
Naveed Akram Pakistan
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): سڈنی ساحلی علاقے بونڈی میں ہونے والے حملے سے جوڑ کر بے گناہ قرار دیے جانے والا پاکستانی نوجوان نوید اکرم منظر عام پر آگیا ہے۔

سڈنی میں مقیم پاکستانی نوجوان نوید اکرم نے بونڈی ساحل پر ہونے والے حملے کے بعد خود کو دہشت گرد قرار دیے جانے کے خلاف خاموشی توڑتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کبھی گرفتار کیا گیا۔

نوید اکرم کا تعلق لاہور سے ہے،انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کا نام بھی نوید اکرم تھا جس کے تحت بھارتی، افغان اور اسرائیلی میڈیا کے بعض حلقوں نے غیر زمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے انکی ذاتی تصاویر فیسبک سے اٹھا کر نشر کردیں جس سے انکی جان کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

ویڈیو پیغام میں نوید اکرم نے بونڈی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بے گناہ شخص کو بغیر تصدیق دہشت گرد قرار دینا نہ صرف صحافتی اقدار کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور نیوز چینلز نے حقائق جانے بغیر انکی تصاویر کو گرفتار حملہ آور کے طور پر پیش کیا جس سے انکو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پولٹری ایسوسی ایشن پر ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ عائد

 انہوں نے مزید کہا کہ میرا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی مجھے گرفتار کیا گیا ہے، نوید اکرم نے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ تصدیق کے بعد تصویر چلائیں۔