مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کارٹل بنا کر قیمتیں بڑھانے کا الزام ثابت ہونے پر کمپٹیشن ٹریبونل نے کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ایسوسی ایشن پر ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے پولٹری مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کیلئے باقاعدہ گٹھ جوڑ کیا، جو مسابقتی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
اسی بنیاد پر کمیشن نے پہلے ایسوسی ایشن پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا تھا، تاہم بعد ازاں پولٹری ایسوسی ایشن کی درخواست پر جرمانے کی رقم کم کر کے ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ کمپٹیشن ٹریبونل نے کیس کی سماعت کے بعد کمپٹیشن کمیشن کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے جرمانے کو برقرار رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں استحکام برقرار، ڈالر سستا ہوگیا
ٹریبونل نے پولٹری ایسوسی ایشن کو ہدایت کی کہ وہ 15 دن کے اندر جرمانے کی رقم جمع کرائے، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ذہن نشین رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ملک بھر میں مرغی اور پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر عوامی سطح پر شدید تشویش پائی جا رہی تھی۔
صارفین کی شکایات اور مارکیٹ میں قیمتوں کے اچانک اضافے کے بعد کمپٹیشن کمیشن نے تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے دوران قیمتوں میں گٹھ جوڑ کے شواہد سامنے آئے۔