پی ڈی ایم اے خیبرپختوا کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبر پختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ ، ایبٹ آباد،گلیات،ہری پور اور بونیرمیں 13 سے 15دسمبر تک بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
اسی طرح مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی 13 سے 15 دسمبر تک بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ اور صوابی میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برفباری کے باعث ناران، کاغان، کالام اور جبوڑی سمیت بالائی علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہوسکتی ہیں، شدید بارش اور برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق میدانی علاقوں میں دھند کی شدت بڑھنے اور حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے، موٹر ویز اور ہائی ویز پر دھند کے باعث ٹریفک متاثر ہوسکتی ہے لہذا عوام احتیاط سے سفر کریں۔
یہ بھی پڑھیں: سردی کی نئی لہر، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
حکام کا کہنا ہے کہ پیشگوئی کے مطابق دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے، متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی چشموں کے قریب رہنے والوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے سیاحوں اور مسافروں کو بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوام بارش، تیز ہوا یا ژالہ باری کے دوران کھمبوں، بورڈز اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں، عوام لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی موسمی صورتحال سے متعلق تازہ الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بالائی اضلاع میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے،14 سے 15 دسمبر تک پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کے امکانات ہیں۔
اس کو بھی پڑھیں: مظفرآباد اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب کے میدانی اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور ، ننکانہ صاحب ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور لیہ میں دھند و سموگ کی صورتحال برقرار رہے گی۔
اسی طرح کوٹ ادو، ملتان، بہاولپو رحیم یار خان اور خانپور میں بھی دھند و سموگ رہے گی، 12 سے 16 دسمبر تک دھند و سموگ کی درمیانی صورتحال برقرار رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں ، شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، دوران سفر فوگ لائیٹس کا استعمال کریں ، کسان اپنی سرگرمیوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق ترتیب دیں، شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔