سردی کی نئی لہر، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال سے متعلق پیشگوئی کی/ فائل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال سے متعلق تفصیلی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کراچی سمیت کئی شہروں میں سردی کی شدت بڑھنے کا عندیہ دے دیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں شمال مشرقی سمت سے ہوائیں تقریباً 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 93 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث رات کے اوقات میں خنکی زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سمندری ہواؤں میں کمی اور براعظمی ہواؤں کے اثرات بڑھنے سے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خاص طور پر صبح اور رات کے وقت گرم لباس کا استعمال کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟ اہم پیشگوئی جاری

دوسری جانب جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ گئی۔ ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 314 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ صحت کے لیے مضر تصور کیا جاتا ہے۔ شہر اور گرد و نواح میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور ماسک کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی سردی کی شدت بڑھنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 34 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔