پیدائش و اموات سمیت نکاح و طلاق کا آن لائن اندراج شروع
NADRA e-registration app
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کراتے ہوئے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کا اندراج کا پورا نظام ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پنجاب میں شہری سہولیات کی جانب ایک اہم قدم بڑھتے ہوئے صوبائی محکمہ بلدیات نے نادرا کے اشتراک سے ای رجسٹریشن ایپ کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کا سرکاری اندراج کروا سکیں گے۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ جدید ایپ صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کو نئی رفتار دے گی اور شہریوں کو یونین کونسلز کے چکر کاٹنے سے نجات ملے گی، انہوں نے کہا کہ ایپ نادرا کے ڈیٹا سسٹم سے منسلک ہوگی جس کے باعث تمام رجسٹریشن درخواستیں ازخود مرکزی ڈیٹا بیس میں جمع ہو جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: دسمبر میں مسلسل چار چھٹیوں کا اعلان

ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ نیا نظام پنجاب کی ہر یونین کونسل سے منسلک ہوگا جس کے نتیجے میں صوبے کی آبادی سے متعلق ریکارڈ میں شفافیت اور بروقت اپڈیٹس یقینی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے مرحلے کو آسان بنانے سے نہ صرف عام شہریوں کی مشکلات کم ہوں گی بلکہ آبادی، صحت، خاندان اور سماجی بہبود سے متعلق پالیسی سازی میں مزید بہتری آئے گی۔

محکمہ بلدیات کے مطابق ای رجسٹریشن ایپ کا مقصد وہ تمام خدمات ایک کلک پر فراہم کرنا ہے جو پہلے کاغذی کارروائی، طویل قطاروں اور تاخیر کا سبب بنتی تھیں۔