بے نظیر انکم پروگرام کی قسط لینے والوں کیلئے اہم خبر
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خواتین کیلئے ڈیجیٹل والٹ سسٹم کا آغاز کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خواتین کیلئے مالی امداد کے نظام میں ایک بڑی اور انقلابی تبدیلی متعارف کراتے ہوئے ڈیجیٹل والٹ سسٹم کا آغاز کر دیا۔

بی آئی ایس پی حکام کے مطابق ڈیجیٹل والٹ سسٹم کا مقصد ادائیگیوں میں شفافیت، سہولت اور مستحق خواتین کی مالی خودمختاری کو یقینی بنانا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے کیمپ سائٹس پر طویل قطاروں، بار بار حاضری، اور ایجنٹوں کی جانب سے غیرقانونی کٹوتیوں جیسے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ہر مستحق خاتون کو اپنی مکمل رقم پر براہِ راست اختیار حاصل ہوگا اور ادائیگی میں کسی قسم کی کٹوتی یا تاخیر نہیں ہو گی۔ اس نظام کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو جدید مالی ڈھانچے سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت مستحقین کو ان کا حق بغیر کسی واسطے کے فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرک آرٹس والے بھی میڈیکل، انجینئرنگ میں داخلے کے اہل

بی آئی ایس پی کے مطابق ڈیجیٹل والٹ کی رجسٹریشن کا طریقہ کار نہایت سادہ رکھا گیا ہے اور اس کے لیے اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں۔ مستحق افراد اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل نمبر سے *2262# ڈائل کر کے چند آسان مراحل میں اپنا اکاؤنٹ فعال کر سکتے ہیں۔ نادرا ریکارڈ کے ذریعے شناخت کی تصدیق کے بعد صارف چار ہندسوں پر مشتمل خفیہ پن کوڈ سیٹ کرتا ہے، جس کے بعد رجسٹریشن مکمل ہونے پر تصدیقی پیغام موصول ہوتا ہے۔

حکام کے مطابق ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مستحق خواتین قریبی ریٹیلرز، بینک شراکت داروں اور بعض صورتوں میں اے ٹی ایم کے ذریعے بھی اپنی رقم حاصل کر سکیں گی۔ مزید یہ کہ 13 ہزار 500 روپے کی قسط کی منتقلی پر مستحقین کو باقاعدہ ایس ایم ایس الرٹ بھی موصول ہوگا۔

بی آئی ایس پی نے مستحقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا پن کوڈ ہر صورت خفیہ رکھیں اور کسی بھی فرد یا ایجنٹ کو فراہم نہ کریں۔ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔