محمد نواز کا افغانستان کے خلاف ٹرائی سیریز فائنل میں بڑا ریکارڈ
Mohammad Nawaz
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک) ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں محمد نواز نے افغانستان کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 75 رنز سے فتح دلائی اور چیمپئن شپ جتوا دی۔

مشکل وکٹ پر 141 رنز کے نسبتاً کم ہدف کا دفاع کرتے ہوئے محمد نواز نے افغان بیٹنگ لائن کو تباہ کر دیا۔ ان کی جاندار باؤلنگ نے نہ صرف انہیں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دلایا بلکہ وہ کئی تاریخی ریکارڈز کے ساتھ ریکارڈ بکس میں بھی شامل ہو گئے۔

میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ان کے دو اوورز کا تباہ کن اسپیل تھا جب افغانستان کا اسکور 29-2 تھا، محمد نواز نے لگاتار دو گیندوں پر درویش رسولی اور عظمت اللہ عمرزئی کو آؤٹ کیا۔ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر انہوں نے ابراہیم زدران کو ایل بی ڈبلیو کیا اور ہیٹ ٹرک مکمل کی جس پر پاکستانی شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔

یہ کارنامہ سر انجام دے کر محمد نواز ٹی20 انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی اسپنر بن گئے۔ اس سے پہلے صرف محمد حسنین اور فہیم اشرف نے پاکستان کی جانب سے ٹی20 آئی میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔

محمد نواز نے اپنی شاندار باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 5 اوورز میں 19 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی ٹی20 انٹرنیشنل کیریئر کی بہترین باؤلنگ ہے۔ وہ ٹی20 آئی میں پانچ وکٹیں لینے والے صرف پانچویں پاکستانی باؤلر بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے افغانستان کو ہرا کر ٹرائی سیریز جیت لی

افغان ٹیم صرف 66 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی جو ان کا دوسرا سب سے کم اسکور تھا۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت محمد نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس کے علاوہ پورے ٹورنامنٹ میں شاندارآل راؤنڈ کارکردگی (10 وکٹیں اور فائنل میں 25 قیمتی رنز) کے باعث وہ پلیئر آف دی سیریز بھی قرار پائے۔