پاکستان نے افغانستان کو ہرا کر ٹرائی سیریز جیت لی
 پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر ٹرائی سیریز اپنے نام کر لی۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
شارجہ: (سنو نیوز) پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر ٹرائی سیریز اپنے نام کر لی۔

شارجہ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے دیے گئے 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم66 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

افغانستان کی جانب سے صرف کپتان راشد خان 17 اور صدیق اللہ اٹل 13 رنز بنا سکے جبکہ باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

رحمان اللہ گرباز5 ، ابراہیم زدران 9 ، محمد نبی 3، نور محمد 3، اے ایم غضنفر 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ درویش رسولی، عظمت اللہ عمرزئی اور کریم جنت بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض 5 افغان بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ صفیان مقیم اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 140 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے فخر زمان 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد نواز نے 25، کپتان سلمان علی آغا نے 24، صائم ایوب نے 17 اور فہیم اشرف نے 15 رنز سکور کیے۔

پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کا بلا آج بھی نہ چل سکا اور وہ صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شاہین شاہ آفریدی نے 2 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی جبکہ اوپنر صاحبزادہ فرحان بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 3، نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اے ایم غضنفر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یوں پاکستان نے افغانستان کو فائنل میں شکست دے کر سہہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کر لی۔  

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دی اور ہیٹ ٹرک اور جارحانہ بیٹنگ پر محمد نواز کی آل راؤنڈ کارکردگی کی خصوصی طور پر تعریف کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محمد نواز کی باؤلنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، پاکستانی کھلاڑیوں نے کم سکور کے باوجود ٹیم ورک کا مظاہرہ کرکے فائنل میں افغانستان کو ہرایا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان آغا اور تمام کھلاڑیوں کو فائنل میں فتح پر مبارکباد دیتا ہوں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے افغان ٹیم کو آؤٹ کلاس کرکے جیت اپنے نام کی، قوم بجا طور پر ٹیم سے ایسی ہی اعلی کارکردگی کی توقع رکھتی ہے، آج کی جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے، امید ہے پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں بھی ایسی ہی عمدہ کارکردگی دکھائے گی۔