لنکاشائر نے اولڈ ٹریفورڈ سے نکالے گئے پاکستانی مداح سے معذرت کر لی
Lancashire apology
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): لنکاشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے انگلینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم سے نکالے گئے پاکستانی مداح سے معذرت کرلی۔

کلب نے بیان میں کہا کہ ہم "کسی بھی دل آزاری اور تکلیف پر معذرت خواہ ہیں" اور یہ کہ مداحوں کے اظہارِ رائے سے متعلق حساس حالات میں عملے کی پالیسیوں کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔

لنکاشائر نے تصدیق کی ہے کہ وہ ہجوم کے نظم و نسق سے متعلق اپنے طریقہ کار کا دوبارہ جائزہ لے گا۔ خصوصاً ایسے مواقع پر جب ثقافتی طور پر متنوع تقریبات میں مداح قومی رنگ یا لباس پہنے ہوں۔

 اطلاعات کے مطابق متاثرہ مداح فاروق نذر نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) اور مقامی حکام کو باضابطہ شکایت بھی درج کروائی ہے جس سے کھیلوں کے اداروں پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ مداحوں کے حقوق اور اسٹیڈیم کی پالیسیوں کو واضح کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کامران اکمل کی بھارتی مداح کو گلوز دینے کی ویڈیو وائرل

یاد رہے کہ فاروق نذر سے کہا گیا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی سبز رنگ کی شرٹ کو ڈھانپ لیں۔ یہ ہدایت مبینہ طور پر کنٹرول روم سے آئی تھی۔

فاروق نذر نے انکار کیا جس کے بعد سیکیورٹی اور پولیس اہلکاروں نے انہیں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔ لنکاشائر نے بعد میں وضاحت کی کہ انہیں صرف شرٹ پہننے کی وجہ سے نہیں بلکہ بار بار کی ہدایات نہ ماننے اور اسٹیوورڈنگ ٹیم سے ناقابلِ قبول رویہ اختیار کرنے پر ہٹایا گیا تھا۔

کلب نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایک دن قبل اسٹیڈیم میں پاکستانی جھنڈے لہرانے پر کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔ خاص طور پر انڈین مداحوں کی اکثریت کے درمیان جس کے باعث عملے نے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔