
بی سی سی آئی کی جانب سے جاری ایک بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ سے دستبردار نہیں ہوسکتے، ایونٹ میں پاکستان سے میچ طے کردہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ طے کردہ شیڈول کے مطابق ہی کھیلا جائے گا اور کسی قسم کی دستبرداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
بی سی سی آئی کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے حالیہ اجلاس میں تمام معاملات اتفاق رائے سے طے پا چکے ہیں، حکومتی گرین سگنل کے بعد ہی ایشیا کپ کا شیڈول جاری ہوا، اس لیے اب اس مرحلے پر طے شدہ شیڈول میں کسی بھی تبدیلی ناممکن ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ حوالے سے بی سی سی آئی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوا جس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ، پاکستان اور بھارت کتنی بار مدمقابل ہوں گے؟
بی سی سی آئی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے اور دونوں ممالک کے مابین کرکٹ مقابلے خطے میں کرکٹ کی ترقی کے لیے اہم ہیں۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کیلئے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ بے چینی سے منتظر ہیں اور اس تازہ پیشرفت کے بعد پاک بھارت میچ مقررہ وقت پر ہونے کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل( اے سی سی ) کی جانب سے ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا، شیڈول کے مطابق ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کم از کم دو اور زیادہ سے زیادہ تین بار آمنے سامنے آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 9 ستمبر سے ہو گا جبکہ روایتی حریف پاکستان بھارت کی ٹیمیں اپنے پہلے گروپ میچ میں 14 ستمبر مدمقابل آئیں گی۔