ایشیا کپ 2025: پاکستان اور بھارت کتنی بار مدمقابل ہوں گے؟
Asia Cup 2025 India vs Pakistan
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2025 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا، جس کے مطابق یہ ایونٹ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات (UAE) میں کھیلا جائے گا۔

اس بار ایشیا کپ ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا،جس میں شائقینِ کرکٹ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان تین سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

ایونٹ کے گروپ اسٹیج میں بھارت اور پاکستان کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے، جہاں دیگر ٹیمیں عمان اور یو اے ای ہیں۔ روایتی حریفوں کو ایک ہی گروپ میں رکھنا کوئی حیرت کی بات نہیں، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان میچز دنیا بھر میں سب سے زیادہ ریونیو پیدا کرتے ہیں۔

پہلا مقابلہ 14 ستمبر کو گروپ اسٹیج میں ہوگا، جو شائقین کیلئے ایک بڑا ایونٹ تصور کیا جا رہا ہے۔

ٹورنامنٹ کے جاری کردہ فارمیٹ کے مطابق ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سپر فور مرحلے میں جائیں گی، جہاں ہر ٹیم دوسری ٹیموں کیخلاف ایک ایک میچ کھیلے گی۔ اگر بھارت اور پاکستان دونوں سپر فور میں پہنچ جاتے ہیں، تو دونوں ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ 2025 کی تاریخوں کا اعلان ہوگیا

اور اگر قسمت نے ساتھ دیا اور دونوں ٹیمیں سپر فور کے بعد فائنل میں پہنچ گئیں، تو ایشیا کپ کا فائنل بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان ہوگا، یعنی ایک ہی ایونٹ میں تین ممکنہ بڑے مقابلے دیکھنے میں مل سکتے ہیں۔

دوسری جانب شائقینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ یہ تینوں ممکنہ مقابلے کسی عید سے کم نہیں ہوں گے، اور اس بار چونکہ ایونٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہے، تو اس کا جوش و خروش اور بھی زیادہ ہوگا۔