
سابق بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان لیجنڈز کیخلاف میدان میں اترنے سے صاف انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ میچ برطانوی شہر برمنگھم میں کھیلا جانا تھا، جہاں شائقین کو شاہد آفریدی اور دیگر لیجنڈری کھلاڑیوں کی میدان میں جھلک دیکھنے کا انتظار تھا، لیکن سابق بھارتی اسٹارز کے انکار نے اس امید کو خاک میں ملا دیا۔
پاکستان لیجنڈز کے میڈیا منیجر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹرز کی ہٹ دھرمی اور جانبدار رویے کے باعث میچ منسوخ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، سریش رائنا اور شیکھر دھون جیسے کھلاڑیوں نے شاہد آفریدی کی موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے کھیلنے سے انکار کیا، جو کہ کھیل میں سیاست کی واضح مثال قرار دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے انڈر-16 ایشین والی بال چیمپیئن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
منتظمین نے وضاحت کی ہے کہ ٹورنامنٹ کے باقی تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ شاہین کرکٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میچ کی منسوخی پر شائقین کو ٹکٹ کی رقم واپس کر دی جائے گی۔
دوسری جانب میچ کی منسوخی پر پاکستانی شائقین کی جانب سے شدید مایوسی اور ناراضی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
کرکٹ کے دیوانوں کا کہنا ہے کہ کھیل دو قوموں کو جوڑتا ہے، مگر بھارتی رویہ اسے تقسیم کر رہا ہے، کھیل کو سیاست سے پاک رکھا جائے تاکہ اس کا اصل حسن قائم رہے۔