بھارتی حکومت کا کرکٹ ٹیم کو پاکستان کیخلاف کھیلے کیلئے گرین سگنل
بھارتی حکومت نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کا گرین سگنل دے دیا۔
فائل فوٹو
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی حکومت نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کا گرین سگنل دے دیا۔

ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرے کے لیے راہیں ہموار ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ 2025 میں بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف میچ کھیلےگی،بھارت کے وزیر کھیل منسکھ منداویا کے بیان کے بعد صورتحال واضح ہو گئی۔

بھارتی وزیر کھیل نے نیشنل اسپورٹس گورننس کے دوران پالیسی بیان میں کہا ہے کہ ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے، ہمیں پاکستان کے ساتھ کسی بھی انٹرنیشنل مقابلے میں کھیلنے پر مسئلہ نہیں، چاہے یہ کرکٹ ہو یا ہاکی یا کوئی کھیل، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب باہمی سیریز یا مقابلوں کی بات ہو تو سب کو حکومتی مؤقف کا علم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کو وکٹ کیپر بنانے کی افواہیں بے بنیاد قرار

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارتی حکومت نے کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا تھا، بھارت نے اپنے تمام میچز پاکستان کے بجائے دبئی میں کھیلے تھے جس پر پاکستان نے بھی کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کیلئے بھارت جانے سے انکار کیا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان بھارت میں ہونے والے کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گا، پاکستانی ٹیم اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی۔

خیال رہے کہ ٹی 20 فارمیٹ میں ایشیا کپ مجوزہ شیڈول کے مطابق 5 سے 21 ستمبر تک بھارت کی میزبانی میں کھیلا جائے گا تاہم ایونٹ بھارت کے بجائےدبئی میں ہونے کے قوی امکانات ہیں۔