
النصر کلب کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ میں اپنی باقی زندگی سعودی عرب میں گزارنے کا خواہاں ہوں، سعودی عرب ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے جہاں مجھے اور میرا خاندان کو گھر جیسا ماحول محسوس ہوتا ہے۔
سٹار فٹبالر نے کہا کہ میرا خاندان ہمیشہ میرے فیصلوں کو اہمیت دیتا ہے اور مجھے ہمیشہ میرے فیصلوں میں اہلخانہ کی حمایت حاصل رہی ہے ، ہم یہاں سعودی عرب میں بہت خوش ہیں، اسی لیے ہم نے یہاں اپنی زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رونالڈو نے 2022 کے اختتام پر مانچسٹر یونائیٹڈ سے راہیں جدا کرنے کے بعد سعودی کلب النصر میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا، اب انہوں نے اپنے کلب کے ساتھ معاہدے میں 2027 تک توسیع کردی ہے، جس کا باضابطہ اعلان کلب کی جانب سے گزشتہ جمعرات کو کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: میسی کی ٹیم فیفا کلب ورلڈ کپ سے باہر
سٹار فٹبالر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ سعودی کلب کے ساتھ بڑا ٹائٹل جیتنے کے مشن کو مکمل کرنے کے خواہاں ہیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے امریکا میں جاری فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی پیشکش کو آرام اور تیاری کے لیے ٹھکرایا تھا۔
رونالڈو کے مطابق سعودی پرو لیگ کا شمار دنیا کی پانچ بہترین لیگز میں ہوتا ہے اور 2034 کا فیفا ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے خوبصورت ایونٹ ہوگا۔
فٹبالر نے سعودی عرب کے کلچر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں، اس لیے وہ یہاں زندگی گزارنے کے خواہاں ہیں۔