
فٹبال کے دیوانوں کیلئے یہ ایک حیران کن لمحہ تھا جب پی ایس جی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹر میامی کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔
میچ کے تمام گول پہلے ہاف میں اسکور کیے گئے، جب پی ایس جی کی جانب سے جواؤ نیویس نے دو شاندار گول داغے اور ٹیم کو برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انٹر میامی کی دفاعی لائن میچ کے آغاز سے ہی دباؤ کا شکار نظر آئی، اور میسی جیسا تجربہ کار کھلاڑی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔
دوسری جانب فٹبال کے لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو نے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کرکٹ میچ کے دوران بلے باز چل بسا
سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ دو سالہ نئے معاہدے کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں رونالڈو نے کہا کہ اُنہیں کلب ورلڈ کپ کھیلنے کی متعدد پیشکشیں موصول ہوئیں، لیکن انہوں نے فیصلہ کیا کہ اس وقت آرام کرنا اور آئندہ مقابلوں کی بھرپور تیاری زیادہ اہم ہے۔
رونالڈو نے کہا کہ ان کی توجہ النصر کے ساتھ ساتھ پرتگال کی قومی ٹیم پر بھی ہے، اور وہ ہر میچ میں بہترین کارکردگی کیلئے خود کو مکمل تیار رکھنا چاہتے ہیں۔