جیولن تھرور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے
 جیولن تھرو ارشد ندیم ایشین اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل اپنے نام کرنےکے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
فوٹو سکرین گریب
لاہور : (سنو نیوز) جیولن تھرو ارشد ندیم ایشین اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل اپنے نام کرنےکے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم جنوبی کوریا سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، ان کے استقبال کے لیے شائقین کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پہنچی۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے کامیابی دی، اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، آنے والے مقابلوں کے لیے مزید محنت کروں گا، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے بھی بھرپور محنت کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ایشین ایتھلیٹکس میں پچاس سال بعد پاکستان نے گولڈ میڈل جیتا ہے، کوشش ہونی چاہیے کہ یوتھ کو مواقع فراہم کریں تاکہ جیولن تھرو سمیت ایتھلیٹس میں نیا ٹیلنٹ سامنے آئے۔

قومی ہیرو کا کہنا تھا کہ میرا گول ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیتنا ہے، اس لیے یوکے میں ٹریننگ کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا

خیال رہے کہ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سب سے بڑی تھرو کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کیا،ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم نے فائنل میں 86.40 میٹر کی تھرو کی تھی۔

واضح رہے کہ نوبی کوریا میں منعقد ہونے والی ایتھلٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 52 سال بعد پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا ہے، ایشین ایتھلیٹکس کی تاریخ میں پاکستان نے آخری مرتبہ اس ایونٹ میں 1973ء میں گولڈ میڈل جیتے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پیرس اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔