ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا
پاکستان کے معروف جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ایک بار پھر اپنی شاندار صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے
پاکستان کے معروف جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم / فائل فوٹو
(سنو نیوز) پاکستان کے معروف جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ایک بار پھر اپنی شاندار صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔

 جنوبی کوریا میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 کے فائنل میں ارشد ندیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد طلائی تمغہ (گولڈ میڈل) حاصل کر کے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

ارشد ندیم نے فائنل میں 86.40 میٹر کی شاندار تھرو کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی اور اپنے مداحوں کو ایک اور تاریخی لمحہ دیا۔ انہوں نے مسلسل چار تھروز کیں، جن میں ہر بار ان کی کارکردگی بہتر ہوتی گئی۔ ان کی پہلی تھرو 75.64 میٹر تھی، دوسری تھرو 76.80 میٹر، تیسری تھرو میں انہوں نے زبردست چھلانگ لگاتے ہوئے 85.57 میٹر کا فاصلہ عبور کیا اور آخرکار چوتھی اور فیصلہ کن تھرو میں 86.40 میٹر کی تھرو کر کے سب کو حیران کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم نے پھر اپنی مہارت کا لوہا منوا لیا

ارشد ندیم کی یہ کارکردگی نہ صرف ایشیا بھر میں ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ یہ پاکستانی ایتھلیٹکس کی تاریخ کا ایک اور سنہری باب ہے۔ وہ اس سے قبل بھی کامن ویلتھ گیمز، ساوتھ ایشین گیمز اور اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ہر بار عمدہ کارکردگی دکھا چکے ہیں۔

اس شاندار جیت کے بعد سوشل میڈیا پر ارشد ندیم کو مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ پاکستانیوں نے قومی ہیرو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔