پاک بھارت کشیدگی: پاکستان سپر لیگ خطرے میں پڑ گئی
PSL Postponement
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاک بھارت کے مابین مسلسل بڑھتی ہوئی سیاسی اور عسکری کشیدگی کے باعث ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے ملتوی ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوگیا۔

معتبر ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ابھی تک حتمی طور پر ایونٹ ملتوی کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم بورڈ حکام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اہم مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے پیشِ نظر غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد اور ایونٹ کے محفوظ انعقاد کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنے ہوں گے۔ اس سلسلے میں بورڈ متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور تمام ممکنہ حالات کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت میں مسلمان غیر محفوظ، کرکٹر محمد شامی کو قتل کی دھمکی

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں یہ واضح کیا گیا تھا کہ پی ایس ایل سیزن 10 اپنے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا اور اس حوالے سے انتظامات مکمل ہیں۔ تاہم آج کی صورتحال نے بورڈ کے موقف میں تبدیلی کا امکان پیدا کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی حکام نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا ہے جس کے باعث متبادل حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے۔ فرنچائز مالکان اور کھلاڑی بھی اس صورتحال پر تشویش کا شکار ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ سوشل میڈیا پر تشویش ظاہر کر رہے ہیں۔

کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ملتوی ہونے کی صورت میں پاکستانی کرکٹ کو معاشی اور ساکھ کے حوالے سے بڑا دھچکا لگ سکتا ہے۔ حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے جس پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔