ذرائع کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر دونوں سلیکٹرز کو فارغ کر دیا گیا۔ آئندہ دنوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں مزید تبدیلیاں متوقع ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کوچز کو فری ہینڈ دے دیا۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچز کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن، ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسٹنٹ کوچ اظہر محمود شامل تھے۔
ملاقات میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کوچنگ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بیٹنگ، باؤلنگ خصوصا فیلڈنگ کو بہتر بنانے کے لئے جامع پلان وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میٹنگ میں اتفاق کیا گیا کہ کھلاڑی کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی، پاکستانی ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، اچھے کمبی نیشن کا فقدان ہے۔ غیر ملکی کوچز نے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے پلان سے آگاہ کیا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کوچز کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر پورا اعتماد ہے، کھلاڑیوں کی کوچنگ کے حوالے سے آپ کو پوری سپورٹ دیں گے۔