مولانا فضل الرحمان نے پورا ملک جام کرنے کا اعلان کردیا
اپنے ایک ویڈیو بیان میں امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے سرگودھا میں 26 نومبر کی کانفرنس کے انعقاد پر قائم رہنے کا اعلان کیا اور مختلف اطراف سے قافلوں کی آمد کا دعویٰ کیا۔
انہوں نے لاہور میں رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے نقل و حرکت محدود کرنے کا شکوہ کیا اور سرگودھا روانگی کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے سرگودھا جانے والے راستوں، موٹر ویز، چشمہ، میانوالی، خوشاب اور فیصل آباد کے علاقوں کی بندش اور شہر میں کرفیو جیسی فضا کا دعویٰ کیا اور پنڈال پر پولیس کے قبضے اور سرگودھا و خوشاب سمیت راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک کارکنوں کی گرفتاریوں کا الزام لگایا۔
انہوں نے سربراہ جے ٹی آئی کے مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری اور صوبائی امیر جے یو آئی پنجاب مولانا امجد خان کی نظربندی کا دعویٰ کیا اور جلسہ گاہ پہنچنے یا نہ پہنچنے کی صورت میں ملک بھر کے عوام اور کارکنوں کو سڑکوں پر نکلنے، شاہراہیں اور موٹر ویز بند کرنے کی کال دی۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا عبدالغفور حیدری گرفتار: ترجمان جے یو آئی
انہوں نےسرگودھا کے بیمار امیر کے وکیل بیٹے کی گرفتاری اور مبینہ تشدد کی مذمت کی اور آمرانہ ہتھکنڈوں کے خلاف ملک گیر احتجاج و شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج سرگودھا میں کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا، ملک بھر سے قافلے سرگودھا پہنچ رہے ہیں، میں لاہور میں مقیم ہوں، میری رہائش گاہ کے باہر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں، ہماری نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سرگودھا پہنچنے کے لیے پُرعزم ہوں، میں سرگودھا کے لیے روانہ ہو رہا ہوں، اطلاعات ہیں کہ موٹروے بند کر دی گئی ہے، سرگودھا جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں، سرگودھا میں کرفیو کا سماں ہے، کانفرنس کے پنڈال پر پولیس نے قبضہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر قائدین کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے، ملک بھر کے کارکن فوری طور پر سڑکوں پر نکلیں اور راستے بند کر دیں، موٹرویز کو بند کر دیا جائے، ہمیں ہمارے جمہوری حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل سرگودھا جلسہ اور جے یو آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے متعلق اپنے ایک بیان میں ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر پنجاب مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جے ٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا، حکومت ہوش کے ناخن لے فی الفور رہا نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی، کیا ملک میں مارشل لاء لگ چکا ہے ؟ سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے۔
ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہے، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے، مولانا عبد الغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں ،کیا ان کی گرفتاری سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے، بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، جےیوآئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
جنرل سیکریٹری پنجاب نصیر احرار نے کہا کہ حکومت ہمارے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو جلد ازجلد رہا کرے، ہم پر امن ہوکر تھوری دیر میں سرگودھا جلسہ کی جانب روانہ ہونگے، جی ٹی روڈ، موٹر وے اور دیگر راستے بند کرکے عوام کو تنگ کیا جا رہا ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔