وزیرستان: تعلیمی ادارے 2 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق دونوں علاقوں کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 26 اور 27 نومبر کو بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، نوٹیفکیشن جاری
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ خصوصی طور پر ایس ڈبلیو ایس کیمپ کے قرب و جوار میں واقع تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 24 اور 25 نومبر کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے ملک خیل کلی میں دو کواڈ کاپٹر ڈرونز کے ذریعے ایک گھنٹے کے دوران 12 حملے کیے گئے۔ ان حملوں میں مالی نقصان ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
22 نومبر کو وانا کے رستم بازار (مغل خیل ڈیری کے قریب) نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل عبدالسلام دوتانی شہید ہو گئے۔
پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ نومبر کے وسط میں ہونے والی جھڑپوں اور آپریشنز میں جنوبی وزیرستان اور ملحقہ اضلاع میں درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔