اسلام آباد میں یکم دسمبر سے کیش لین دین مکمل بند
تفصیلات کے مطابق چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اویس افضل کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یکم دسمبر سے ایم سی آئی کے کسی بھی دفتر، ڈائریکٹوریٹ، ونگ یا برانچ میں نقد ادائیگی وصول نہیں کی جائے گی۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہریوں کی جانب سے تمام اقسام کے ٹیکس، فیس، کرایوں، جرمانوں اور لائسنس فیس کی ادائیگیاں اب صرف ڈیجیٹل ذرائع سے ہی ممکن ہوں گی، جبکہ پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ اور چیک کے ذریعے ادائیگیاں بھی قبول نہیں کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی حادثے کا شکار، 31 افراد جاں بحق
انتظامیہ نے ایم سی آئی کے تمام کیش کاؤنٹرز 30 نومبر تک مکمل بند کرنے اور تمام مینول رسید بکس سیل کر کے متعلقہ اکاؤنٹس آفس میں جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے تمام سرکاری دفاتر میں آن لائن ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق عوامی آگاہی نوٹس بھی آویزاں کیے جائیں گے۔
چیف آفیسر نے تمام ڈائریکٹرز کو آئندہ 7 روز کے اندر فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ یکم دسمبر کے بعد نقد رقم وصول کرنے والے کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کا سربراہ بھی ذاتی طور پر جواب دہ ہوں گے۔