پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی حادثے کا شکار، 31 افراد جاں بحق
حادثہ پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی الٹنے کے بعد پیش آیا، جس کی آگ نے متعدد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق مصر کے شہر جیزہ کے علاقے الوراق میں رنگ روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات سے بھری ایک گاڑی اچانک الٹ گئی، جس کے نتیجے میں شدید آتشزدگی شروع ہوگئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے قریبی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پورا علاقہ دھوئیں کے بادلوں سے بھر گیا۔
رپورٹس کے مطابق حادثے میں کم از کم 31 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 21 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق آتشزدگی کے باعث 27 گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں، جن میں متعدد کاریں اور موٹر سائیکلیں بھی شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں نے فوری کارروائیاں شروع کردیں، ریسکیو آپریشن کیلئے 39 ایمبولینسیں جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں تاکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے اور متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کا عمل تیز کیا جاسکے۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر تیزی سے پھیلی کہ متعدد افراد کو اپنی گاڑیوں سے باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں 3 پاکستانیوں کو سزائے موت دے دی گئی
حکام نے جاں بحق ہونے والے نامعلوم افراد کی شناخت کیلئے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔