لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے اور فضا کو صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا جا رہا ہے۔
محکمہ ماحولیات اور مانیٹرنگ ذرائع کے مطابق گڑھی شاہو، گلبرگ اور کینال روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 450 سے 500 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ فضائی آلودگی کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ
آلودہ فضا کے باعث شہریوں میں آنکھوں میں جلن، کھانسی اور گلے کی خرابی جیسی شکایات بڑھ رہی ہیں، جبکہ دمے اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ماہرین صحت نے بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موٹر سائیکل چلاتے اور پیدل چلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ اسموگ کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر ڈرائیوروں کو دوران سفر احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔