لاہور پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آگیا
عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح تشویش ناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ننکانہ صاحب میں سب سے زیادہ 685 پرٹیکیولیٹ میٹر آلودگی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں یہ شرح 611 تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق جھنگ میں فضائی آلودگی کی سطح 498، ملتان میں 301، گوجرانوالہ میں 296 اور فیصل آباد میں 294 ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں آلودگی کا تناسب 291 رہا، جس کے باعث شہر کی فضا بدستور صحت کیلئے نقصان دہ قرار دی جارہی ہے۔
ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن، گلے کی خراش اور دیگر طبی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ خصوصاً بچے، بزرگ اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ رکھتے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال کریں اور کھلی فضا میں سخت جسمانی سرگرمیوں سے پرہیز کریں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں آلودگی کی بلند سطح نے شہریوں کی صحت کے حوالے سے ایک بار پھر تشویش بڑھا دی ہے۔