ب فارم یا برتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کیسے بنے گا؟ جانیے
18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد شناختی کارڈ کے حصول کیلئے کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی، اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے نادرا پوڈکاسٹ میں پہلی مرتبہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ بنوانے کے حوالے سے شہریوں کی رہنمائی کرتے ہوئے مختلف صورتوں کی وضاحت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق ایسے افراد جن کی پیدائش کا اندراج موجود ہے اور ان کے پاس پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی ہے، لیکن انہوں نے کبھی ب فارم نہیں بنوایا، وہ 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد براہِ راست شناختی کارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس مقصد کیلئے پیدائشی سرٹیفکیٹ کی اصل دستاویز ساتھ ہونا لازمی نہیں، تاہم درخواست گزار کو سرٹیفکیٹ کا رجسٹریشن نمبر معلوم ہونا چاہیے تاکہ نادرا متعلقہ ریکارڈ کی تصدیق کرسکے۔
دوسری جانب جن افراد کے پاس نہ ب فارم موجود ہے اور نہ ہی پیدائشی سرٹیفکیٹ، انہیں شناختی کارڈ کے حصول کیلئے پہلے متعلقہ ادارے سے اپنا پیدائشی سرٹیفکیٹ بنوانا ہوگا۔ پیدائش کا اندراج مکمل ہونے اور سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد ہی وہ نادرا میں شناختی کارڈ کیلئے درخواست دے سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی ادارے 12 نومبر تک بند رہیں گے، نوٹیفکیشن جاری
نادرا کی اس وضاحت کا مقصد ایسے نوجوانوں اور شہریوں کی مشکلات دور کرنا ہے جو 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے باوجود ضروری دستاویزات نہ ہونے کے باعث اپنا پہلا شناختی کارڈ بنوانے میں پریشانی کا سامنا کرتے ہیں۔