پانچویں جماعت کا بورڈ امتحان مؤخر ہوگیا
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق پانچویں جماعت کے طلبہ کی اس سال اسیسمنٹ لی جائے گی، جبکہ اگلے سال سے باقاعدہ امتحانی نظام نافذ کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ پر امتحانات کا دباؤ کم کرنا اور مرحلہ وار امتحانی نظام متعارف کرانا ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ پانچویں جماعت کے طلبہ کی اسیسمنٹ شفاف اور منصفانہ طریقے سے مکمل کی جائے گی تاکہ بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں کا درست اندازہ لگایا جاسکے۔
دوسری جانب آٹھویں جماعت کے امتحانات سابقہ طریقہ کار کے مطابق ہوں گے، تاہم ان کے انعقاد اور جانچ کے نظام میں جدید طریقہ کار اپنایا جائے گا۔
وزیر تعلیم کے مطابق آٹھویں جماعت کے چار بڑے مضامین کے امتحانات خصوصی ای شیٹس پر لیے جائیں گے، جبکہ امتحانی نتائج میں شفافیت اور جانچ کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے پرچوں کی آن اسکرین مارکنگ یقینی بنائی جائے گی۔
حکومت پنجاب کی جانب سے امتحانی نظام میں یہ تبدیلیاں طلبہ کی تعلیمی ضروریات اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ب فارم یا برتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کیسے بنے گا؟ جانیے
پانچویں جماعت کے امتحان کو مؤخر کرنے کے فیصلے سے رواں سال طلبہ کو باقاعدہ بورڈ امتحان کی تیاری کے اضافی دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، جبکہ آٹھویں جماعت کے طلبہ پہلے سے طے شدہ امتحانی نظام کے تحت اپنے پرچے دیں گے۔