پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حیران کن کمی،نوٹیفکیشن جاری
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 5 روپے 56 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے۔
قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 352 روپے 59 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
حکومتی فیصلے کے بعد گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر ذرائع آمدورفت استعمال کرنے والے شہریوں کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ خصوصاً ڈیزل کی قیمت میں کمی سے مال بردار گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا براہ راست اثر روزمرہ استعمال کی اشیا کی ترسیل اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام کی بڑی تعداد ہر پندرہ روز بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلی کا انتظار کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی مہنگی کرنے کیلئے نیپرا میں درخواست جمع
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو عوام کیلئے اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے، تاہم شہریوں کی نظریں اب اس بات پر ہیں کہ اس فیصلے کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نظر آتے ہیں یا نہیں۔