کن علاقوں میں بارش ہوگی؟ ہائی الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے جبکہ صبح کے اوقات میں بوندا باندی متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر بالائی اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ اور باجوڑ میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ مہمند، کوہاٹ، پشاور، اورکزئی، کرم اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ملتان، لیہ، ڈیرہ غازی خان، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صوبے کے شمالی اضلاع میں سردی اور مطلع ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کو بڑا عدالتی ریلیف، تحریری فیصلہ جاری
بلوچستان میں بارکھان، موسیٰ خیل، چمن، پشین اور ژوب میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور کوئٹہ میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔