پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی کی وجہ سے دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، خطے کی صورتحال کی وجہ پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی امن و استحکام کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششیں جاری ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا دورہ کیا، تہران میں ایرانی قیادت کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اجلاس ہوا، تہران میں ہونے والی بات چیت انتہائی خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی، نوٹیفکیشن جاری
انہوں نے کہا کہ وزیر پٹرولیم اور ان کی ٹیم نے ریفائنریز کے ساتھ اہم بات چیت کی، عوامی ریلیف کےلئے فیول سبسڈی سکیم کا اجراء کیا گیا، ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد براہ راست فیول سبسڈی سکیم سے استفادہ کرچکے ہیں، ایل این جی مافیا کا دور ختم ، مسابقت و شفافیت کیساتھ امور انجام دیئے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس او اور پارکو جیسے سرکاری اداروں کے ذریعے امور کا انتظام کیا جا رہا ہے، ایل پی جی کیلئے بھی نظام ترتیب دیا گیا ہے، خیبرپختونخوا میں امن و امان اور ترقی کیلئے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج منظور کیا ہے، خیبرپختونخوا امن و امان کی بحالی اولیں ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وطن عزیز سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے دہشتگردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، 2018 میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو چکا تھا، بدقسمتی سے دہشتگردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا، سردیوں کی آمد کے پیش نظر ایل این جی، ایل پی جی اور تیل کی سپلائی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے باعث بحری راستوں پر چیلنجز درپیش ہیں، موسم سرما میں عوام کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں، فاز میزائل سسٹم کے کامیاب تجربے پرپوری قوم کومبارک بادپیش کرتا ہوں۔