پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کی نگرانی کا نیا نظام نافذ
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق 2 نومبر سے تمام سرکاری، پیف اور پیما سکول نئے مانیٹرنگ نظام میں شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ پیف کے تحت آؤٹ سورس کیے گئے نجی سکولوں کی نگرانی بھی اسی ایپ کے ذریعے کی جائے گی۔
نئے ضابطہ کار کے تحت ہر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر (اے ای او) اپنے متعلقہ مرکز کے تمام سکولوں کی ماہانہ مانیٹرنگ کا پابند ہوگا، ہر سکول کا مہینے میں کم از کم ایک مرتبہ دورہ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
احکامات کے مطابق اے ای او کو ہر ورکنگ ڈے کم از کم ایک سکول کا وزٹ کرنا ہوگا، پہلے مانیٹرنگ راؤنڈ کی تکمیل کے بعد اضافی دفتری دنوں میں سکولوں کے دوبارہ دورے بھی کیے جائیں گے، جبکہ ضرورت کے مطابق ایک دن میں ایک سے زائد سکولوں کی نگرانی کی اجازت ہوگی۔
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ صرف مانیٹرنگ ایپ میں درج کیے گئے سکول وزٹس ہی قابل قبول ہوں گے، ایپ پر جمع ہونے والی رپورٹس کو ڈی ای ایز کی مانیٹرنگ کا مستند ریکارڈ تصور کیا جائے گا، جبکہ ایم ای ایز کی رپورٹس تھرڈ پارٹی تصدیق کے طور پر استعمال ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:1500 روپے کے پرائز بانڈ والوں کیلئے بڑی خوشخبری کا اعلان
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ ڈیجیٹل ریکارڈ اور مقررہ اشاریوں کی بنیاد پر لیا جائے گا۔
نئے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے افسران سے جواب طلبی ہوگی، جبکہ سی ای اوز ایجوکیشن کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔