موسم خشک رہے گا یا بارش ہوگی؟ اہم پیشگوئی
تفصیلات کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 180 تک پہنچ گیا، جس کے باعث شہریوں کو آلودہ فضا کا سامنا ہے۔ بارش کے بعد فضائی آلودگی میں دوبارہ اضافہ شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور سمیت پنجاب اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر میں درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہنے کے ساتھ صبح اور شام کے اوقات میں سردی محسوس کیے جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور ان کے گردونواح میں دوپہر کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
اسی طرح سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شہریوں کو چاہیے کہ فضائی آلودگی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور آلودہ فضا میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔