لاہورآلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبرپر آگیا
فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح نے شہریوں کی صحت کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی، ماہرین نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور میں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی سطح بھی بلند ریکارڈ کی گئی، جہاں ان کی تعداد 288 بتائی گئی ہے۔ فضائی آلودگی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ہوا کا معیار انتہائی خراب صورتحال اختیار کر گیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 244 ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال مزید تشویشناک دکھائی دے رہی ہے۔ اقبال ٹاؤن میں سب سے زیادہ ایئر کوالٹی انڈیکس 535 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بیدیاں روڈ پر یہ سطح 497 اور کاہنہ میں 446 رہی۔ اسی طرح ڈیفنس فیز 5 میں اے کیو آئی 360 ریکارڈ کیا گیا۔
شہر کے دیگر علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی سطح بلند رہی، ماڈل ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 350 جبکہ برکی روڈ پر 253 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ڈاکٹروں نے شہریوں کو فضائی آلودگی اور اسموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آلودہ فضا میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ لاہور کے شہریوں کے لیے صحت کے حوالے سے ایک بڑا چیلنج بن رہا ہے۔