ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آن لائن درخواست کی سہولت متعارف
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایات پر شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ویب پورٹل کے ذریعے ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق پیر 19 اکتوبر سے ٹریفک ہیڈکوارٹر فیض آباد اور دیگر پولیس خدمت مراکز میں لرنر پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے لیے درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی، بلکہ ان خدمات کے لیے آن لائن درخواست دینا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کردیا
انہوں نے بتایا کہ تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس ٹی سی ایس کے ذریعے شہریوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے، جس سے انہیں لائسنس کے حصول کے لیے دفاتر کے بار بار چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
کائنات اظہر خان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آن لائن درخواست دیتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل نمبر درج کریں تاکہ لائسنس کی ترسیل میں دشواری پیش نہ آئے۔ ان کے مطابق غلط یا نامکمل پتہ درج کرنے سے لائسنس کی ترسیل میں تاخیر ہوسکتی ہے۔