پاکستان کے کن شہروں میں بارش ہوگی؟ اہم پیش گوئی جاری
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں خنکی بڑھنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر اور ان سے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
جمعہ کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے، ان علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم اور صبح و رات کے وقت خنکی محسوس کی جاسکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں صبح کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں گرم رہنے کی توقع ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح اور رات کے وقت سردی بڑھ سکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں شام یا رات کے دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔