پشاور اسکول حادثہ، 16 بچوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تمام میتوں کو تدفین کے لیے ان کے آبائی قبرستانوں کی جانب روانہ کردیا گیا۔ واقعے نے علاقے کی فضا کو سوگوار کردیا، جبکہ جاں بحق بچوں کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔
اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کالج روڈ پر پیش آیا، جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: سکول کی چھت گرنے سے ٹیچرز سمیت 33 بچے جاں بحق
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق واقعے کے بعد 21 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا۔ ان کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 6 سے 14 سال کے درمیان ہیں، جبکہ جاں بحق افراد میں 6 بچیاں بھی شامل ہیں۔
ہسپتال میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں غم و سوگ کی فضا ہے۔