حکومت کا 30 ہزار نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ہنرمندی کے پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ رجسٹریشن پورٹل نے کام شروع کردیا ہے، جس سے متعلقہ اداروں کی رجسٹریشن کے عمل میں سہولت پیدا ہوگی۔
اجلاس میں نوجوانوں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور انہیں ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
حکام کے مطابق 25 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت دینے کا منصوبہ منظور کیا جاچکا ہے، 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرون ملک بھیجنے کے پروگرام پر عمل درآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور ان کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
اجلاس میں چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے اہداف کے حصول میں سست روی کا بھی نوٹس لیا گیا، اس حوالے سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری فنی تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ بہتر روزگار حاصل کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹیٹ بینک نے ہاؤسنگ فنانس کی شرائط آسان کر دیں
حکومت کی جانب سے ان اقدامات کو بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے فنی تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔ تاہم بیرون ملک بھیجے جانے والے نوجوانوں کیلئے شعبوں، ممالک اور حتمی ٹائم لائن کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔